یمن

یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے عالمی برادری کی خاموشی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یمن کے رہائشی علاقوں پر ایک بار پھر وحشیانہ بمباری کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے شمال مغربی صوبے صعدہ کے شہر باقم میں آل مجدع کے چھے علاقوں پر جمعرات کو بمباری کی۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبے حجہ میں عبس کے ایک علاقے پر میزائلوں سے بھی حملہ کیا۔ ان حملوں میں کئی یمنی شہری شہید و زخمی ہو گئے۔ سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اورعوامی رضاکاروں نے بھی جنوبی سعودی عرب میں جیزان اور عسیر میں فوجی ٹھکانوں پر میزائل داغے اور گولہ باری کی ۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کی اس جوابی کارروائی میں متعدد سعودی فوجی ہلاک یا زخمی ہو گئے۔ سعودی فوجیوں نے اپنے ملک کی فضائیہ کی مدد سے صوبے جیزان میں واقع جبل الدود کے علاقے میں اپنے ٹھکانوں کو واپس لینے کی بھی کوشش کی مگر یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے ان کی اس کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ ان جھڑپوں میں بھی کئی سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے جس کے بعد ہلاک و زخمی ہونے والے سعودی فوجیوں کو منتقل کرنے کے لئے ایمبولینسیں بھیجی گئیں۔ یمنی فوج اورعوامی رضاکاروں نے یمنی صوبوں تعز اور مآرب میں بھی سعودی ایجنٹوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس میں کئی سعودی ایجنٹ ہلاک و زخمی ہوئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button