عراق

سعودی عرب فوج کو یمن اور بحرین بھیجنے کے بجائے بیت المقدس روانہ کرے : مقتدی صدر

بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک ) عراق کے ممتاز عالم دین مقتدی صدر نے سعودی عرب کی حکومت سے جنت البقیع کی تعمیر نو اور وہابیت کے مقابلے میں پیغمبر اسلام ؐ کے روضہ مبارک کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو نصیحت کی ہے کہ وہ اپنی فوج کو یمن اور بحرین بھیجنے کے بجائے بیت المقدس روانہ کرے۔
مقتدی صدر نے سنیچر کو ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں سعودی عرب کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ شدت پسند وہابی نظریات کے مقابلے میں پیغمبر اسلامﷺ کی قبر کی حمایت کرے اور ہم اس سلسلے میں ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے اسی طرح کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں جنت البقیع کی قبروں خاص طور پر پیغمبر اسلام کے اہل بیت ؑکے مزاروں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس سلسلے میں بھی ہم ان کے ساتھ تعاون کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہزارہا مسائل اور مشکلات کے باوجود اس سلسلے میں بھی سعودی عرب سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔
مقتدی صدر نے مصر کی حکومت اور جامعۃ الازہر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ راس الحسین مسجد کو زائرین کے لئے کھول دے۔ انہوں نے اسلامی اتحاد کو مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عراق میں نجف اشرف ، کربلائے معلی اور کاظمین یا دیگر علاقوں میں مقدس مقامات کی حمایت کرتے ہیں اور اسے اپنے لئے فخر سمجھتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button