عراق

موصل میں عام شہریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے پر عراقی افواج کی قدردانی

عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی سیستانی کے نمائندے نے موصل شہر کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جان کی حفاظت کا پورا خیال رکھنے پر عراقی افواج کے احساس ذمہ داری کی قدردانی کی ہے۔

آیۃ اللہ العظمی سیستانی کے نمائندے جناب عبدالمہدی کربلائی نے صوبہ نینوا اور موصل شہر کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران عراقی افواج کی شاندار کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عراقی افواج تمام تر مشکلات اور دشواریوں کے باوجود عام شہریوں کی جان کی حفاظت کے تعلق سے اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح نبھائیں گی- ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی افواج کی پیشقدمی کی وجہ سے مسلح افواج میں شامل سبھی قوتوں منجملہ عوامی رضاکار فورس، پیشمرگہ اور قبائلی لشکر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں- دوسری جانب عراق کے فوجی حکام نے سیکورٹی اداروں اور ایجنسیوں کے ساتھ عراقی عوام کے تعاون کو داعش کی نابودی میں بہت ہی موثر قرار دیا- عراقی وزارت دفاع کی خفیہ ایجنسی کے سینیئر عہدیدار جواد المحمداوی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ سیکورٹی اداروں سے ان کا تعاون داعش کو نابود کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے- انہوں نے عراقی عوام سے کہا کہ وہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں- عراقی وزارت دفاع کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ داعش کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر انہیں نابود کرنا عوام کے ہی تعاون سے ممکن ہو سکا ہے- ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عراق کی مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان باہمی تعاون کی وجہ سے داعش کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button