پنجاب حکومت دہشتگردوں کے سرپرست ہیں، چوہدری پرویز الہیٰ
شیعیت نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہیٰ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس شریف برادران کے گلے کا پھندہ بن چکا ہے اور اب یہ ان کی کرپشن بے نقاب کر کے ہی رہے گا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے، لاہور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے، جگہ جگہ ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں ہو رہی ہیں لیکن پنجاب پولیس جرائم روکنے کے بجائے حکمرانوں کے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پولیس افسران اور اہلکار ہمارے کارکنوں کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنا رہے ہیں، وقت آنے پر ان سے نمٹ لیں گے۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پنجاب کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں لیکن پنجاب کے ظالم اعلیٰ نے رینجرز کو پنجاب میں کارروائی کرنے کی اجازت ہی نہیں دی، جس وجہ سے دہشتگرد محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ان دہشتگردوں سے سیاسی مفاد حاصل کرتی ہے، ان کی بدولت ووٹ حاصل کرتی ہے اور انہیں اپنے مفادات میں استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کو پنجاب میں بالخصوص جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کےخلاف کارروائی کرنی چاہیے، اگر جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو آپریشن ضرب عضب کے ثمرات حاصل نہیں ہوں گے۔