عراق

عراقی افواج اپنی داخلی قوت پر اعتماد کرتی ہیں: ابراہیم الجعفری

عراق کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فوج اور عوام پر ہی بھروسہ کرتا ہے۔

عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے اپنے دورہ جرمنی میں کہا کہ عراقی افواج دہشت گرد  گروہ داعش کا مقابلہ کرنے کے میدان میں اپنی داخلی قوت اور عوام پر ہی بھروسہ کئے ہوئے ہیں البتہ دیگر ممالک کی فوجی مشاورت اور اسلحہ جاتی مدد سے بھی استفادہ کرتی ہیں-

عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری عراقی قوم اپنے ملک کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے- ان کا کہنا تھا کہ عراق کے عوام خواہ وہ کسی بھی دین و مذہب اور مسلک سے تعلق رکھتے ہوں، اس وقت اپنے وطن کی آزادی کے لئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں-

ابراہیم الجعفری نے کہا کہ موجودہ حساس صورتحال میں عراقی حکومت جرمنی جیسے اپنے دوست ملکوں سے درخواست کرتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی مدد کریں کیونکہ ملک کے بجٹ  کا ایک بڑا حصہ جنگ پر صرف ہو رہا ہے-

انہوں نے موصل شہر کو آزاد کرانے کی عراقی افواج کی کامیاب کارروائیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران اب تک سترہ سو دہشت گرد ہلاک  ہو چکے ہیں اور ان کی ساڑھے چھے سو گاڑیاں جن پر دھماکہ خیز مواد نصب تھے، تباہ کر دی گئی ہیں-

عراقی وزیر خارجہ نے موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں سست رفتاری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ چونکہ جنگ کے علاقے میں بڑی تعداد میں عام شہری موجود ہیں اور ان کی جان کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے اس لئے کارروائیوں میں اتنی تیزی نہیں آ پا رہی ہے جتنی ہونی چاہئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button