پاکستان

مکہ پر حوثیوں کا حملہ ، خبر صیح ہے تو تحقیقات کروائی جائیں،علامہ ساجد علی نقوی

شیعیت نیوز: اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ پر کوئی مسلمان حملہ تو دور کی بات، اس کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا، مقدس مقامات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ یا کسی مصلحت سے کام نہیں لینا چاہئے، جلد بازی کی بجائے اس انتہائی سنگین معاملے کی بین الاقوامی سطح پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اگر کعبۃ اللہ پر حملے کے بارے میں گردش کرنیوالی خبریں یا افواہیں درست ثابت ہوں تو مرتکب عناصر کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اگر جھوٹ اور افواہوں پر مبنی ہوں تو پوری امہ کے جذبات کو بھڑکانے والوں کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ مکرمہ بالخصوص خانہ کعبہ پر حملے کے بارے میں گردش کرنیوالی خبروں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ کعبۃ اللہ، روضہ رسول اکرم، مسجد نبوی، جنت البقیع اور دیگر مقدس مقامات کے باعث مکۃ المکرمہ اور مدینۃ المنورہ انتہائی اہمیت کے حامل شہر ہیں۔ کوئی مسلمان خانہ کعبہ پر حملے کی جسارت تک نہیں کرسکتا، حملہ تو دور کی بات کوئی اس جانب میلی آنکھ سے بھی دیکھنے کا تصور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کے تحفظ کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ یا کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جاسکتا۔ کعبۃ اللہ پر حملے کے بارے میں زیر گردش خبروں یا افواہوں پر عالم اسلام میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ لہذا ان کی تحقیقات کیلئے بین الاقوامی اور بین الاسلامی سطح پر شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں، تاکہ اصل حقائق امت مسلمہ کے سامنے آسکیں۔ اگر یہ خبریں درست ثابت ہوں تو مرتکب عناصر کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، لیکن اگر یہ خبریں درست نہ ہوں تو پوری امت کے جذبات کو مجروح کرنے والے فتنہ پردازوں کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button