یمن

سعودی فوجی اہداف پر حملے تیز کردیں گے، ترجمان یمنی فوج

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ایک بار پھر مقدس مقامات کی حرمت کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتے ہوئے مزید سعودی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ترجمان بریگیڈیئر شرف غالب لقمان نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ جارحیت جاری رہنے کی صورت میں سعودی فوجی اہداف پر میزائل حملے تیز کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بعض ملکوں کی جانب سے کیے جانے والے ان دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا کہ ، اسلامی جہموریہ ایران، یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو بھی کذب محض قرار دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کو میزائل ٹیکنالوج اور فوجی تجربات منتقل کیے ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ یمنی فوج نے سعودی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں واقع متعدد فوجی اہداف کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ سرحدی صوبے جیزان میں کیے جانے والے ان حملوں میں سعودی فوجی اہداف کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔جنوبی یمن کے صوبہ بیضا میں سعودی اتحاد کے فوجیوں اور یمنی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔ صوبہ الجوف میں بھی یمنی فوج کے ایک حملے میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجیوں کے مارے جانے کی خـبر ہے۔سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ سے اپنے پڑوسی ملک یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اس عرب اور اسلامی ملک کی بنیادی تنصیبات کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button