فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کیلئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو اختیارات مل گئے
شیعیت نیوز: پنجاب حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کیلئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو اختیارات تفویض کر دیئے ہیں۔ پنجاب پولیس کیساتھ سی ٹی ڈی بھی فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گے۔ محکمہ داخلہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے اور ان کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت کا خیال ہے کہ محض پولیس ناکافی ہے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی کڑی نگرانی کیلئے سی ٹی ڈی کو بھی اختیارات دیئے ہیں کہ وہ فورتھ شیڈول میں شامل ناموں کی مکمل دیکھ بھال اور نگرانی کریں اور چیک کریں کہ مشکوک افراد کہاں اور کیا کرتے ہیں۔
ذرائع نے مطابق یہ فیصلہ صوبے میں انتہائی پسندی اور دہشتگرد کارروائیوں کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے۔ گہری نظر سے دیکھنے سے شرپسند عناصر کو پکڑنے میں مزید آسانی ہو گی اور صوبے میں امن قائم ہو سکے گا۔ نوٹیفکیشن 11-EE(2)(F) آف اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ حکومت پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر حکام کو بھی کاپی ارسال کر دی گئی ہے۔








