پاکستان

کربلائے کوئٹہ میں سپاہ یزید نے پانچ شیعہ خواتین کو ٹارگیٹ کرکے شہید کردیاگیا

شیعیت نیوز: کوئٹہ کے علاقے کرانی میں ہزارہ ٹاؤن جانے والی بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والی خواتین کی تعداد پانچ ہوگئی، جبکہ حملے میں بچی سمیت تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرانی روڈ پر گھات لگائے دہشت گردوں نے مقامی مسافر بس پر فائرنگ کر دی، جس سے چار خواتین موقع پر ہی شہید ہوگئیں، ذرائع کے مطابق جاں بحق خواتین زائرین تھیں، جو ہزارہ ٹاؤن کی جانب جا رہی تھی۔ حملے میں بچی سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہں طبی امداد کیلئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس زائرین کی نہیں بلکہ مقامی مسافر بس تھی، جو ہزارہ ٹاؤن کی جانب گامزن تھی، بس میں چالیس سے پچاس کے قریب مسافر سوار تھے، جس میں زیادہ تعداد خواتین کی تھی۔ بس کے ساتھ سکیورٹی کیلئے کوئی موبائل یا گاڑی موجود نہیں تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جو پہلے سے بس کے انتظار میں موجود تھے۔ حملہ آوروں نے جدید ہتھیاروں سے بس پر فائرنگ کی اور صرف پانچ منٹ کے محدود وقت میں حملے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ پر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی میئر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ بس میں خواتین سمیت 40 افراد سوار تھے۔ ڈپٹی میئر کے مطابق حملہ آوروں نے سامنے کی جانب سے فائرنگ کی، جس کی وجہ سے خواتین کو زیادہ نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی، حملہ آور بس روک کر خواتین کے حصے میں داخل ہوئے، ندیم حسین کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے شناخت کے بعد خواتین کو نشانہ بنایا، بس میں 9 خواتین سوار تھیں، 5 کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ میں ایک خاتون اور بچی زخمی ہوئے۔ افسوسناک واقعہ کے فوری بعد ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ کسی تنظیم کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود واقعہ نے سکیورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان بھی لگا دیا ہے۔ دوسری جانب، وزیراعظم میاں نواز شریف نے دہشتگردی کے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت سے کہا ہے کہ مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ادھر، وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بس پر فائرنگ کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار خواتین کو نشانہ بنایا گیا ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے، دہشتگرد آسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں، محر الحرام کی وجہ سے سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button