انچولی : مجلس ذاکرین امامیہ کے تحت پیغام کربلا کانفرنس کا انعقاد
شیعیت نیوز: مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام آمد محرم الحرام کے موقع پر پیغام کربلا کانفرنس مرکز امامیہ انچولی میں منعقد ہوئی، اس موقع پر مجلس ذاکرین امامیہ کے چیئرمین علامہ نثار قلندری، علامہ یعقوب منتظری، علامہ کامران عابدی، علامہ جعفر نقوی، علامہ آغا سبط حیدر موسوی، ڈاکٹر جواد زیدی، علامہ شمیم واسطی، وجیہیہ عابدی و دیگر علماء، ذاکرین عظام، اسکالرز، دانشور، وکلاء نے بھی خطاب کیا۔ علامہ نثار احمد قلندری نے صدارتی خطاب میں کہا کہ پیغام کربلا تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے اور ہر طرح کے ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے قیام کا مہینہ ہے، پیغام کربلا فکر انسانی بیداری و خوداری و فکر انسان کی آزادی کا درس دیتا ہے، لہذا مجالس عزا میں علماء کرام، ذاکرین، اسکالرز تاریخی شواہد کی روشنی میں پیغام کربلا اور مقاصد امام حسین کو اُجاگر کریں، کیونکہ وطن عزیز پاکستان اس وقت دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانیت، کرپشن، اندرونی و بیرونی سازشوں کی زد میں ہے لہذا علماء کرام و ذاکرین عظام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام برائیوں کی شدید مذمت کریں اور بتائیں کہ اگر ہم نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسین کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلیں تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
علامہ نثار قلندری نے کہا کہ دہشت گردی، کرپشن، فرقہ واریت کے ازالے اور دفاع وطن کے لئے افواج پاکستان کے جرات مندانہ اقدمات کو سراہا جائے اور دشمن اسلام کو بتایا جائے کہ کیا وہ جنگ خیبر بھول گئے؟، ہم خیبر شکن حضرت علی کے ماننے والے ہیں اور اگر دشمن نے ہمارے ملک کو میلی نگاہ سے دیکھا تو ہم جذبہ حسینیت سے سرشار ہوکر وطن عزیز پر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کے محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھتے ہوئے عزاداران امام حسین کو تمام سہولت فراہم کرے۔








