جیکب آباد کے عوامی مسائل کے حل کے لیے 8 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرِ صدارت جامعہ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جیکب آباد کے سنگین عوامی مسائل اور بنیادی شہری سہولیات کے فقدان کے حوالے سے 8 نومبر 2026 بروز اتوار کو ایک گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : شہید سید حسن نصراللہؒ کی جدوجہد اور فکر نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، مولانا راجہ مصطفیٰ جعفری
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے واضح کیا کہ اس آل پارٹیز کانفرنس کا مقصد کسی سیاسی جماعت یا فرد کے خلاف محاذ بنانا ہرگز نہیں ہے، بلکہ جیکب آباد کے عوام کی مشکلات، بالخصوص تعلیم، صحت، صفائی، پینے کے صاف پانی اور امن و امان جیسے مسائل کی اجتماعی ترجمانی کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام قوتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
مزید برآں، علامہ مقصود علی ڈومکی نے اجلاس میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 23 اکتوبر کو شہدائے جیکب آباد کی لازوال قربانیوں کی یاد میں "عظمتِ شہداء کانفرنس” اور ’’لبیک یا رسول اللہ‘‘ ریلی کا شاندار انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس اور ریلی میں تمام مکاتبِ فکر کے افراد کو مدعو کیا جائے گا، تاکہ شہداء کو شایان شان خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں امن، اتحاد، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے عظیم پیغام کو فروغ دیا جا سکے۔







