فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کی جارحیت
صیہونی فوجیوں نے مسلسل ساتویں روز بھی مقبوضہ بیت المقدس میں واقع فلسطینی کیمپ شعفاط پر حملہ کیا۔
فلسطینی نیوز ایجنسی معا نے خبر دی ہے کہ فلسطینیوں کے شعفاط پناہ گزیں کیمپ میں الفتح تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے بدھ کو شعفاط کیمپ پر اپنے حملے کے دوران فلسطینیوں کے بیس سے زائد مکانات پر حملہ کیا- شعفاط کیمپ میں الفتح تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شعفاط کیمپ کی سڑکوں پر تعینات ہو کر متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا- عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے مذکورہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے فلسطینی نوجوانوں کو روک کر ان کی جسمانی تلاشی بھی لی- فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجی اب تک دسیوں فلسطینی نوجوانوں کو شعفاط کیمپ سے گرفتار کر چکے ہیں- صیہونی فوجیوں نے بیت حنینا کیمپ پر بھی حملہ کر کے کم سے کم سات فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا- دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کو غرب اردن کے شہر الخلیل میں بھی حملہ کر کے فلسطین کی قانون ساز کونسل کے رکن محمد جمال النتشہ کو گرفتار کر لیا- اس درمیان الخلیل شہر کے باشندوں کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی سونے کی دوکانوں سے سونے بھی چرالئے- واضح رہے کہ صیہونی فوجی مختلف بہانوں سے آئے دن فلسطینیوں کو گرفتار کرتے رہتے ہیں-