پاکستان

ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

شیعیت نیوز: ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ 1965ء میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے غازیوں کا حوصلہ آج بھی جوان ہے۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر خصوصی تقریبات ہوئیں، مختلف شہروں میں جنگ ستمبر کے شہداء کو سلام پیش کیا جا رہا ہے۔ یوم دفاع کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہو گی جس سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف خطاب کریں گے۔ یوم دفاع پاکستان اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ارض وطن پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور دشمن کی ہر سازش کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ ملک میں یوم دفاع کی تقریبات کا آغاز دفاقی دار الحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دار الحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر میں ملکی سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ یوم دفاع پر کراچی میں مزار قائد پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، گارڈز نے فرائض سنبھالے۔ پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئیں۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ جی او سی کمانڈ میجر جنرل طارق امان اور پاک رینجرز کے بریگیڈیر عاصم گردیزی نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گوجرانوالہ میں پاک فوج کی وردیوں میں ملبوس سکول کے طلبہ و طالبات نے دشمن فوج کے حملے کو ناکام بنا کر بھارت کو پیغام دیا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے، کمسن طلبہ نے اشاروں میں قومی ترانا پڑھا مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔ طالبات نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سیو پاکستان کا نشان بنا کر قوم کو یکجا رہنے کا پیغام دیا۔ جنگی ملی نغموں اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔ ملکی سلامی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ طلبہ و طالبات نے بہادر پاکستانی افواج کو نہ صرف خراج عقیدت پیش کیا بلکہ اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قومی پرچم کے سائے تلے سب ایک ہیں۔

دوسری جانب ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعتوں کی جانب سے بھی یوم دفاع کی مناسبت سے مختلف پروگرامات تشکیل دیئے گئے ہیں، نمائندے کے مطابق کراچی کے علاقہ ملیر میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے یوم دفاع ریلی نکالی جائے گی جو مختلف علاقوں میں گشت کرتی ہوئے مرکزی امام بارگاہ جعفرطیار میں اختتام ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button