عراق

ہم عراق میں اپنی پالیسیاں جاری رکھیں گے: سعودی سفیر

عراق میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ثامرالسبہان نے کہا ہے کہ عراق کے بارے میں سعودی عرب کی پالیسیاں اٹل ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ عراق میں اپنا سفیر تبدیل کرے جس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے عراق میں تعینات سعودی سفیر ثامر السبہان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی پالیسیاں اٹل ہیں اور ان کا افراد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور سعودی عرب عراق کے عرب تشخص سے پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔

ثامر السبہان کا مزید کہنا تھا کہ ریاض بغداد تعلقات افراد سے متاثر نہیں ہوں گے اور عراق میں سعودی عرب کی پالیسیاں واضح اور روشن ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد جمال نے کہا تھا کہ ہم نے سعودی عرب کی حکومت سے باضابطہ طور پر کہا ہے کہ وہ بغداد میں اپنے سفیر کو تبدیل کرے۔ بغداد میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے خلاف بیان دے کر عراق کے داخلی امور میں مداخلت کی تھی اور حالیہ مہینوں کے دوران ثامر السبہان کے بیان سے عراق میں بہت سے تنازعات پیدا ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button