ایران

آل سعود اور آل خلیفہ حکومتوں کے اقدامات اسلام کے منافی ہیں کاظم صدیقی

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے جنوبی یمن کے علاقے صراری پر سعودی اتحاد کے فوجیوں کے حملے اور مجرمانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے صراری کی مسجد کے انہدام، درجنوں افراد کے قتل عام اور انہیں قیدی بنانے نیز شہید ہونے والوں کی لاشوں کی بے حرمتی کو انتہائی ہولناک اور گھناؤنا جرم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مجرمانہ اقدامات اسلامی تعلیمات کے سراسرمنافی اور انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔

حجت الاسلام کاظم صدیقی کا کہنا تھا کہ آل سعود حکومت، مسلمان اور خادم الحرمین شریفین ہونے کا دعوی کرتی ہے لیکن خطے کے ملکوں کے خلاف مجرمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اورعالمی ادارے سیکورٹی کی فراہمی اورعوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اپنی کوتاہیوں کے سلسلے میں جوابدہ ہیں۔انہوں نے افغانستان کے عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کابل کے دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد ازجلد بے نقاب اور انہیں گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے بحرین کے عوام کے خلاف شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہی حکومت کے خلاف عوام کے مظاہرے مکمل طور سے پرامن ہیں لیکن شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکار اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کو طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی کو اسلامی اورعالمی قوانین کے سراسر منافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کی شاہی حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف عوام کے غم و غصے میں اضافہ ہوگا بلکہ حکومت کے زوال کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button