لبنان

سعودی عرب اسرائیل تعلقات کسی سانحے سے کم نہیں: سید حسن نصر اللہ

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے عالم عرب کے موجودہ بحران کو تاریخ کا بدترین بحران قرار دیا ہے۔

بیروت میں شہید ابوخلیل کی یاد میں منعقدہ پروگرام میں ویڈیوکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ عالم عرب کو تاریخ کے بدترین بحران نے گھیر لیا ہے اورعرب ممالک کمزور ہوگئے ہیں۔

فلسطین کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرب حکومتوں نے فلسطین کے معاملے کو ایک سائڈلائن ایشو بنا کے رکھ دیا ہے۔ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سعودی جنرل اورسیاسی شخصیات سعودی حکومت کی اجازت سے اسرائیل کا دورہ کرکے صہیونی دشمن کے ساتھ اعلانیہ تعلقات کا راستہ ہموار کررہی ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ایک جانب سعودی حکام خود کو اسلام، قرآن اور سرزمین نبوت کا نمائندہ کہلائیں اور دوسری جانب اسرائیل کو تسلیم کرلیں تو یہ کسی مذہبی اور سماجی سانحے سے کم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ مفت میں تعلقات استوار کررہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب پہلے اسرائیل سے رابطے قائم کرے گا اس کے بعد تعلقات معمول پرلائے جائیں گے اور پھراسے تسلیم کرلیا جائے گا اوراس کام کے لیے لازمی فتوے تیار کیے جارہے ہیں۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کا سب سے خطرناک پہلو رائے عامہ کی سوچ اور نظریات کو گمراہ کرکے اپنے ساتھ ملانا ہے۔انہوں نے کہا فلسطینیوں کا راستہ پوری طرح واضح ہے اور وہ مزاحمت کا راستہ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button