عراق: نینوا میں داعش کے کئی کمانڈر واصل جہنم
رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کی اس کارروائی میں داعش کے کئی سرغنے ہلاک ہو گئے ہیں جن میں والی دجلہ کے نام سے مشہوراس کا اہم سرغنہ ہاشم حسن محمد بھی شامل ہے۔
عراق کی مشترکہ افواج کے ترجمان بریگیڈیر یحیی رسول نے اس بارے میں بتایا کہ موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صوبہ نینوا کے علاقے القیارہ میں داعش کے سرکردہ افراد کے اجتماع کو عراقی فضائیہ نے اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
انھوں نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ داعش کے ٹھکانوں اور مراکز پربمباری کرنا عراقی فضائیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، مزید کہا کہ عراقی فوج اورسیکورٹی فورسز کے پاس بہت اچھے انٹیلی جنس وسائل اور جاسوس طیارے ہیں اور اطلاعات و معلومات کے اہم ترین ذرائع، داعش کے زیرقبضہ علاقوں میں رہنے والے لوگ ہیں۔
بریگیڈیر یحیی رسول نے صوبہ صلاح الدین کے شمال اور موصل کے جنوب میں عراقی فوج کی کارروائیوں کے بارے میں بھی کہا کہ عراقی فورسز نے الشرقاط کے باقی ماندہ علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے اور وہ اب القیارہ علاقے کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔