لبنان

فلسطین کا دفاع دنیا بھر کے مسلمانوں کا مذہبی فریضہ ہے،قائد مقاومت

 شیعیت نیوز: حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ فلسطین کا دفاع دنیا بھر کے مسلمانوں کا مذہبی فریضہ ہے۔ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس اعلان کیا، تاکہ مسلمانوں کے ذہن میں یہ بات بیٹھ جائے کہ فلسطین کا دفاع ان کا دینی فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی شخص فلسطینی عوام پر ظلم ڈھانے والی صیہونی حکومت کے غاصبانہ وجود پر اپنی آنکھیں بند کرتا ہے، وہ یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ وہ صدق دل سے اللہ پر ایمان رکھتا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے یوم القدس کو دنیا کے سامنے فلسطین کے اہم مسئلے کو پیش کرنے کا دن قرار دیا اور کہا کہ یوم القدس سیاسی اور سفارتی مسائل سے ہٹ کر فلسطین کے دفاع کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرنے اور مسلمانوں کی ذمہ داریوں کی نشاندہی کرنے کا دن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن جس حقیقت کو بیان کیا جانا چاہئے، وہ یہ ہے کہ فلسطین بحر سے نہر تک ایک غصب شدہ سرزمین ہے، جسے اس کے حقیقی وارثوں سے چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو ایک ایسی غاصب حکومت قرار دیا جو دہشت گردی اور لوگوں کا خون بہا کر قائم کی گئی ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی عوام کے سامنے واحد راستہ استقامت اور مزاحمت ہے، خواہ اس کے لئے کتنا ہی وقت کیوں نہ لگ جائے۔ سید حسن نصراللہ نے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک پینل کا چیئرمین منتخب کئے جانے اور اس کے لئے بعض عرب حکومتوں کی حمایت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ملکوں نے اقوام متحدہ کی ایک اہم کمیٹی کا سربراہ بنانے کے لئے اسرائیل کے حق میں ووٹ دیا۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ جو لوگ آج یمن، بحرین، شام اور نائیجیریا میں عالمی یوم القدس کا اہتمام کر رہے ہیں، ان سب کی پیٹھ میں سعودی عرب خنجر مار چکا ہے اور ان ملکوں میں یوم القدس کی ریلیاں کوئی اتفاقی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام، عراق، یمن، بحرین اور لیبیا جیسے ملکوں میں بدامنی اور بحران امریکا اور اسرائیل کے ایجنٹوں نے پیدا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کی مدد کرکے ان ملکوں میں جنگ و خونریزی جاری رکھنا چاہتے ہیں اور سیاسی راہ حل کو مسدود کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button