فلوجہ کے عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت پر تاکید
عراق کی بدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت پر تاکید کی ہے۔
ہادی العامری نےخبر رساں ایجنسی کے ساتھ گفتگو کے دوران اس بات پر تاکید کی کہ عراق کی مشترکہ سیکورٹی فورسز اس بات کا پوری طرح خیال رکھ رہی ہیں کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کے دوران عام شہریوں کی جانوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ ہادی العامری نے مزید کہا کہ عراقی سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح فلوجہ سے عام لوگوں کے محفوظ طور پر خارج ہونے کا راستہ فراہم کرنا ہے۔
عراق کی بدر تنظیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس نے فیڈرل پولیس کے تعاون سے الکرمہ کو آزاد کرانے کے بعد اس شہر کی سیکورٹی کا انتظام بغداد آپریشنل کمان کے سپرد کر دیا اور اپنے تمام افراد اس شہر سے نکال لئے ہیں۔ عراق کی فیڈرل پولیس کے کمانڈر رائد جودت نے بھی فارس خبر رساں ایجنسی کے ساتھ گفتگو کے دوران اس بات پر تاکید کی کہ عراق کی مشترکہ سیکورٹی فورسز فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکورٹی اہلکار مقررہ سیکٹروں پر پہنچ کر اپنے فرائض صحیح طور پر انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلوجہ دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ دو اہم اور اسٹریٹیجک شہروں میں سے ایک ہے۔ اس شہر پر داعش نے تین سال قبل قبضہ کر لیا تھا۔