عراق

مغربی عراق میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت

مغربی عراق میں اس ملک کی فوج کی کارروائیوں میں داعش کے متعدد افراد ہلاک ہوگئے-

الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے لڑاکا طیاروں نے شام کی سرحد کے قریب واقع صوبہ الانبار کے شہر القائم میں تکفیری دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر حملے کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا- داعش گروہ نے شہر فلوجہ اور الکرمہ شہروں کے درمیان واقع "البوعودہ ” علاقے میں چار سو گھرانوں کا محاصرہ کر رکھا ہے جن میں سے بیشتر عورتیں اور بچے ہیں- تکفیری دہشت گرد گروہ داعش، اس شہر کے عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے جس کے سبب کارروائی سست رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے-

ایک اور خبر یہ ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ایک کمانڈر عدی الخدران نے شہر فلوجہ کے نزدیک الحراریات کارخانے کے اطراف میں داعش دہشت گرد گروہ کی بڑی سرنگ ملنے کی خبر دی ہے- الخدران نے کہا کہ داعش وسیع پیمانے پر سرنگیں کھودنے کے اقدامات کر رہا ہے تاکہ اس گروہ کے افراد کی جانیں کم ضائع ہوں اور فرنٹ لائن کی حفاظت ہوسکے- موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ سرنگ اتنی بڑی ہے کہ جو مختلف علاقوں کو ایک دوسرے سے ملاتی ہے-

دوسری جانب عراق میں بدر بریگیڈ کے سربراہ ہادی العامری نے کہا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کے لئے فیصلہ کن معرکے کا عنقریب آغاز ہونے والا ہے اور فلوجہ پر عراق کا پرچم نصب کردیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button