پاکستان

ڈی آئی خان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر ٹارگٹ آپریشن کیا جائے،علامہ ناظر تقوی

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی جانب سے جامع مسجد نور ایمان میں جمعے کی نماز کے بعد ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے پیش آنے والے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ کرم الدین، علامہ فیصل مہدی نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب میں علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں ہونے والا یہ واقعہ حکومت اور سکیورٹی فورسز کی ناکامی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔ گذشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، بڑے بڑے اقدامات اور قومی ایکشن پلان بننے کے بعد بھی دہشت گرد جب چاہتے ہیں، اپنے ہدف کو نشانہ بنا لیتے ہیں، سانحہ لاہور گلشن اقبال پارک جو ایک بہت بڑا سانحہ تھا، اُس پر تحقیقاتی کمیشن قائم کئے گئے، کمیٹیاں بنائی گئیں لیکن اب تک اُس کمیٹی کی کوئی رپورٹ منظر عام پر آئی نہ قاتل پکڑے گئے، یہ چوہے بلی کا کھیل آخر کب تک اس ملک میں کھیلا جائے گا اور کب تک عوام کو بے وقوف بنایا جائے گا، اگر یہ سلسلہ اس ہی طرح جاری رہا تو قومی ایکشن پلان سے عوام کا اعتماد اُٹھ جائے گا اور قومی ایکشن پلان کی ناکامی ریاست پاکستان کی ناکامی تصور کی جائے گی، لہذٰا جس طرح پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اسی طرح ڈی آئی خان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف موثر ٹارگٹ آپریشن کیا جائے، ہم حکومت اور سکیورٹی فورسز کے اداروں سے امید کرتے ہیں کہ دہشت گردوں اور قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button