پاکستان

اہلسنت جماعتوں نے نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

شیعیت نیوز: سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام جامعہ رضویہ میں منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں 30 اہلسنّت جماعتوں نے نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ نواز شریف کی اقتدار میں موجودگی سے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کسی دوسرے شخص کو وزیر اعظم نامزد کرے۔ اہلسنّت جماعتیں ’’کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ مہم‘‘ اور احتساب کی حمایت میں تحریک چلائیں گے۔ کرپشن کیخلاف اور احتساب کے حق میں مفتیان کرام اجتماعی فتویٰ جاری کریں گے، بلا امتیاز احتساب کا عمل تیز کیا جائے، بھارت کے بارے میں نرم گوشہ رکھنے والے حکمران سیکورٹی رسک بن چکے ہیں، سزا یافتہ گستاخان رسول کو پھانسیاں نہ دینا حکومتی نااہلی اور اسلام دشمنی ہے، پاکستان میں سیکولر ازم ناقابل برداشت اور غیر اسلامی قانون سازی ناقابل قبول ہے۔ آرمی چیف کے کرپشن مخالف اقدامات کی حمایت اور خیر مقدم کرتے ہیں، ملک میں نظام مصطفی نافذ کیا جائے، سوشل میڈیا پر گستاخی رسول کو روکنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ اہلسنّت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس سنی اتحاد کونسل کی دعوت پر جامعہ رضویہ مظہر الاسلام فیصل آباد میں منعقد ہوا۔ مشترکہ اجلاس میں مرکزی جے یو پی، جماعت اہلسنّت پاکستان، نظام مصطفی پارٹی،انجمن طلباء اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، تحریک مشائخ پاکستان، تنظیم المساجد پاکستان، مصطفائی تحریک، انجمن نوجوانان اسلام، سنی علماء بورڈ، جانثاران ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت محاذ، تنظیم اتحاد امت، تحریک فروغ اسلام، سنی یوتھ ونگ، تحریک عوام اہلسنّت، انجمن خدام اولیاء، تحریک محبت رسول، سنی جانثار ، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، بزم محدث اعظم پاکستان، تنظیم السعیداور دوسری اہلسنّت جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن اور دہشتگردی کیخلاف مسلسل خطبات جمعہ دیئے جائیں گے اور احتساب کے حق میں اور کرپشن کیخلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو گرینڈ الائننس بنانے کیلئے خطوط لکھے جائیں گے اور اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں کی جائیں گے۔ اہلسنّت آئندہ کسی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دیں گے۔ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ اب نمائشی نہیں اصلی احتساب ہونا چاہیئے، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیئے تھا وہ اقتدار میں بیٹھے ہوئے ہیں، حقیقی احتساب ہوا تو کئی برج الٹ جائیں گے، جنرل راحیل شریف کا کرپشن کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے عزم خوش آئند ہے، اہلسنّت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پاک فوج کا ساتھ دیں گے۔ فوج کی قربانیوں سے کراچی، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں امن بحال ہو رہا ہے، قوم کی توقعات نواز شریف نہیں راحیل شریف سے وابستہ ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ حکمرانوں نے تین سال کے اقتدار میں عوام کا کو ئی مسئلہ حل نہیں کیا، پاک فوج کرپشن کیخلاف قومی جہاد کا اعلان کرے، پوری قوم اس جہاد میں پاک فوج کا ساتھ دے گی۔ انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر محمد عاکف طاہر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی صفوں کو کرپٹ اور قانون شکن افرادسے پاک کریں، حکمران اپنی جائیدادیں اور اولادیں ملک میں واپس لائیں، کرپشن کے خاتمے سے ہی قوم کو حقیقی جمہوریت کا تحفہ مل سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button