یمن

سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے سعودی عرب پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

محمد البخیتی نے العالم ٹی وی سے بات چیت میں یمن میں جنگ بندی کی صورت حال کے بارے میں کہا کہ یمن میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے کیونکہ سعودی عرب سے وابستہ افراد نے جنگ بندی معاہدے پر دستخط سے قبل اعلان کیا تھا کہ انھیں اس معاہدے کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

محمد البخیتی نے کہا کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے اسی طرح کویت میں جاری امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ یمن میں جنگ بندی کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ اہم ترین قدم اعتماد سازی ہے لیکن ابھی تک یمن کے بعض علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں اور سعودی عرب کے جنگی طیارے یمن کی حدود میں پرواز کر رہے ہیں۔

محمد البخیتی نے کہا کہ جنگ بندی قائم ہونے کے بعد دوسری ترجیح یمن میں اتفاق رائے سے بننے والی حکومت اور اس فریق کا معین ہونا ہے کہ جو یمن میں اقتدار کے خلا کو پر کرے گا۔

واضح رہے کہ یمن کے امن مذاکرات اقوام متحدہ کی نگرانی میں جمعرات کے روز سے کویت میں شروع ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button