بغداد بم دھماکہ، درجنوں افراد جاں بحق و زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب مغربی علاقے کی ایک جامع مسجد میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں درجنوں نمازی جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
عراقی سیکورٹی حکام نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا جو ایک شیعہ جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران کیا گیا- حکام نے ابتدائی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد نو بتائی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد پچیس ہے- عراقی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے- اگرچہ فوری طور پر کسی بھی گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس قسم کے دہشت گردانہ حملے عام طور پر تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر انجام دیتے ہیں- دو مہینے قبل بھی داعش کے دہشت گردوں نے بغداد میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد میں دو بم دھماکے کئے تھے جن میں پندرہ نمازی جاں بحق اور پچاس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ نومبر دو ہزار پندرہ میں بھی بغداد کے یوسفیہ علاقے میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد امام رضا علیہ السلام کے قریب ایک خود کش بم دھماکے میں نو افراد جاں بحق اور انیس دیگر زخمی ہو گئے تھے-