پاکستان

ملکی استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے بلا امتیاز احتساب انتہائی ضروری ہے، آرمی چیف

شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق سب کا احتساب ضروری ہے.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوہاٹ میں سگنل ریجمنٹل سینٹر کا دورہ کیا، جہاں ایک تقریب کے دوران انھوں نے سگنل ایئر چیف میجر جنرل سہیل احمد زیدی کو سگنل کور کے کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فوج کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک میں اُس وقت تک پائیدار امن اور استحکام نہیں لایا جاسکتا جب تک کرپشن کا جڑ سے خاتمہ نہ ہوجائے.

اس موقع پر آرمی چیف نے سگنل کور کو آپریشن ضرب عضب میں مواصلاتی تعاون فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے سول اور عسکری جوانوں کی خدمات کو سراہا.

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ قوم کی تائید اور حمایت سے لڑی جا رہی ہے اور ملک کے استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے بلا امتیاز احتساب انتہائی ضروری ہے.

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اس سمت میں بامعنی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گی، جس سے ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button