ایران

ایران مخالف پابندیوں پر اصرار جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، خطیب جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ آیۃ للہ امامی کاشانی نے استقامتی معیشت کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے قومی سطح پر تعاون کوضروری قرار دیا ہے۔

نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیۃ اللہ امامی کاشانی کا کہنا تھا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے اعلان کردہ استقامتی معیشت، اقدام و عمل کے نعرے کو حکومتی اداروں اور عوام کے درمیان بھرپور تعاون کے ذریعے عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اگر ایران اقتصادی میدان میں مضبوط ہوگا تو سیاسی، علمی اور سماجی میدانوں بھی کامیابی اس کے قدم چومے گی۔ انہوں نے ملک کے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ استقامتی معیشت کے منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔ آیۃ اللہ امامی کاشانی نے امید ظاہر کی کہ ایران کے عوام ماضی کی طرح اس بار بھی رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں میدان عمل میں اتریں گے اور ملک کی عزت و سربلندی کے لئے قدم آگے بڑھائیں گے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے امریکہ کی وعدہ خلافیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران مخالف پابندیاں جاری رکھنے پر اصرار، جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ آیۃ اللہ امامی کاشانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ امریکہ نے اپنے اقدامات سے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ اس پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button