ایرانی عوام سامراجی طاقتوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے،آیت اللہ احمد خاتمی
شیعیت نیوز: تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے ایران کے خلاف امریکا کے صدارتی امیدواروں کی دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ امریکی حکومت کبھی بھی اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتی اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کر کے ہی ڈٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکا سے امیدیں وابستہ کرنا غلط ہے کیونکہ امریکی حکام ہمیشہ ایران کے خلاف نئی نئی پابندیوں کی باتیں کرتے ہیں۔ تہران کے خطیب جمعہ نے علاقے میں صیہونی حکومت کے جرائم اور فلسطینیوں پر صیہونیوں کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غاصب حکومت ہے اور جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آئندہ پچیس برسوں میں اسرائیل کا نام تک نہیں رہے گا۔ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے برسلز دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے ہر گوشے میں دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے شام اور عراق میں دہشت گردی کے تعلق سے مغرب کے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوہرا معیار انتہائی خطرناک ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب دہشت گرد عناصر خود اپنے مغربی حامیوں کو ہی نشانہ بنانے لگے ہیں۔ تہران کے خطیب جمعہ نے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے نئے ہجری شمسی کو استقامتی اقتصاد اور اقدام و عمل کے نام سے موسوم کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی اقتصاد کا مطلب یہ ہے کہ ملک کا اقتصاد ایسے راستے پر گامزن ہو جائے جہاں دشمن اس کو کوئی نقصان نہ پہنچا سکے۔ انہوں نے بارہ فروردین مطابق اکتیس مارچ یوم اسلامی جمہوریہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام دینی جمہوریت کی علامت ہے۔








