کراچی، پولیس کاروائ میں لشکر جھنگوی اور القائدہ کے خطرناک دہشتگرد گرفتار
شیعیت نیوز : رضویہ پولیس اور حساس ادارےنے پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 10ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیے۔تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس نے اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی مفتی شاہد گروپ کے سرغنہ جنید الرحمٰن اور دیگر 9ملزمان عبد الحق حیدری عرف گلن شاہ حیدری، محمد زاہد نذیر چوہدری عرف زاہد آرائیں، سعید احمد، ظفر اقبال،معاذ نور،محمد ساجد ،فدا الرحمٰن اور محمد الطاف عرف شاہد کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے دو کلا شنکوف ،تین ٹی ٹی پستول اور چار دستی بم برآمد کر لیے، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی،القاعدہ بر صغیر اور ٹی ٹی پی سے ہے۔ ایس ایچ او رضویہ ادریس بنگش کے مطابق گرفتار ملزمان سابق صدر پرویز مشرف حملہ کی منصوبہ بندی کرنے، فرئیر کے علاقے میں پی ایس او کے ڈائریکٹر شوکت رضا مرزاکو قتل کرنے سمیت ڈاکٹرز، وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے افغانستان میں لشکر جھنگوی کے ٹریننگ کیمپوں سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ گرفتار ملزم جنید الرحمٰن کے مطابق گروپ کے سرپرست مفتی شاہد نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی کی جو بعد میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر ہماری ٹیم کو روک کر مذکورہ ٹارگٹ کالعدم حرکت الجہاد العالمی کے امیر عمران کے حوالے کیاگیا۔ملزم عمران نے منصوبہ بندی کے مطابق شاہراہ فیصل فلک ناز پلازہ کے قریب بارود سے بھری ہائی روف کھڑی کی جو تکنیکی خرابی کے باعث پھٹ نہ سکی اور ملزم عمران اپنے دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار ہو گیاتھا۔