بی بی زینبؑ سے رہنمائی حاصل کرکے دور حاضر کی خواتین اپنی زندگیوں کو اسلام کے سانچے میں ڈھال سکتی ہیں، علامہ ساجد نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پیغمبر گرامی ؐ کی نواسی اور علی ابن ابی طالب ؑ کی دختر حضرت زینب ؑ نے آغوش فاطمہ ؑ میں پاکیزہ تربیت حاصل کرکے کربلا کے معرکہ حق و باطل کے بپا ہونے کے بعد شہدائے کربلا کی قربانیوں کو زندہ جاوید بنانے کے لئے کوفہ و شام کی مسافتیں طے کرکے رہتی دنیا تک کے لئے دین حق کو دوام بخشا اور دنیائے عالم کی خواتین کی رہنمائی کی خاطر انمٹ نقوش چھوڑے۔ سانحہ کربلا میں اپنے پیاروں کی قربانیاں دے کر بھی توحید شناس باپ کی توحید شناس دختر نے جس صبر و حوصلہ کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی
جناب سیدہ زینب (سلام علیہا) کی و لادت باسعادت کے بابرکت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرمایا کہ سیدہ زینب ؑ ؑ اپنی والدہ گرامی جناب سیدہ فاطمتہ الزہرا ؑ کی سیرت و کردار کا عملی نمونہ تھیں انہوں نے دین اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے اور خواتین عالم کی رہبری کے لئے لازوال جدوجہد کی۔ جس سے رہنمائی حاصل کر کے دور حاضر کی خواتین اپنی زندگیوں کو اسلام کے سانچے میں ڈھال سکتی ہیں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ معرکہ کربلا میں سیدہ زینب ؑ کا فیصلہ کن کردارتاریخ کا ایک روشن اور درخشندہ باب ہے۔ تمام کٹھن مراحل اور مصائب و مشکلات کے باوجود ان کے صبر و حوصلے اور جرات و شجاعت کی بدولت پیغام کربلا آج بھی اپنی تمام تر اثر انگیزیوں کے ساتھ زندہ و جاوید ہے اور حریت و آزادی پر مبنی تحریکیں آج بھی اس سے رہنمائی حاصل کئے ہوئے ہیں