مقبوضہ فلسطین

صیہونی فوج کی فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ، 19 زخمی، خون دیکر مسجد اقصٰی تقسیم کرنیکی سازشیں ناکام بنا دیں، خالد مشعل

فلسطین کے علاقے مغربی کنارے کے وسطی شہر رملہ میں البیرہ کے مقام پر ایک پرامن احتجاجی ریلی پر صیہونی مسلح فورسز نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کم سے کم 19 مظاہرین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں طلباء اور عام شہری شامل ہیں۔ قبل ازیں شمالی البیرہ میں بیت ایل چوکی کے قریب بیرزیت یونیورسٹی کے طلباء نے اسرائیل کے خلاف جلوس نکالا۔ مظاہرین نے صہیونی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ صہیونی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے بہیمانہ لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس سے 19 افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان سامی شوقی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ جنازے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عوامی محاذ کے رہنما حسین الہباش نے کہا اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کی مرتکب کر رہا ہے۔ نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیل کی ایک عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ فلسطینی لڑکی نوہان عواد پر اقدام قتل اور چاقو رکھنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔ عبرانی نیوز ویب پورٹل”وللا“ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوہان کا تعلق شمالی بیت المقدس میں قلندیا پناہ گزین کیمپ سے ہے۔ نوہان کو چند روز قبل اسرائیلی پولیس نے حراست میں لینے کے بعد تشدد کیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک ماہ قبل اپنی چچازاد 14 سال ہدیل عواد کے ساتھ مل کر ایک یہودی فوجی کو قاتلانہ حملہ کرکے زخمی کر دیا۔ قابض فوج کی جوابی کارروائی میں لڑکی ہدیل عواد شہید جب کہ نورہان عواد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں اسلامی تحریک مزاحمت ”حماس“ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی نئی نسل آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے جذبات سے سرشار ہے۔ مظلوم فلسطینی قوم جلد ہی آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوگی۔ رفح کے مقام پر ایک تقریب سے خطاب میں اسماعیل ہانیہ نے مزید کہا فلسطین کے گلی کوچے، ایک ایک گھر اور ایک ایک مسجد میں قبلہ اول کے دفاع کے لئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ فلسطینی عوام مقدس مقامات بالخصوص قبلہ اول کے دفاع کے لئے مرمٹنے کو تیار ہیں۔ جب کہ ملائیشیا میں مرکز اطلاعات فلسطین کے دفتر میں تقریب سے خطاب میں اور ایک ویڈیو پیغام میں اسلامی تحریک مزاحمت ”حماس“ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں پر پوری مسلم امہ اور زندہ ضمیر دنیا کو بجا طور پر فخرکرنا چاہیئے کیونکہ فلسطینی قوم نے اپنا خون پیش کرکے مسجد اقصٰی کی تقسیم کی صہیونی سازشیں ناکام بنا دی ہیں۔ خالد مشعل نے ملائشیا کے چار روزہ دورے کے دوران وزیراعظم ڈاکٹر نجیب عبدالرزاق، حکمراں جماعت ”آمنو“ کے رہنماﺅں اور ملائیشیا کی اسلامک مومنٹ ”باس“ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالہادی اونگ سمیت کئی اہم حکومتی اور سیاسی رہنماﺅں اور فلسطینی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button