عراق

عراق کے صوبہ الانبار سے داعش سرغنے فرار

 عراق کے مغرب میں واقع الانبار کی صوبائی کونسل کے رکن فرحان محمد نے بتایا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے رمادی شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے جس کے بعد اس دہشت گرد گروہ کے بعض اہم سرغنے خفیہ راستوں اور سرنگوں کے راستے سے اس شہر سے فرار ہو گئے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کے بعض سرغنے عورتوں کا بھیس بدل کر اس شہر سے فرار ہوئے ہیں۔
دوسری جانب صوبہ الانبار میں واقع البغداد ی کے علاقے میں قبائلی رضارکار فورس کے کمانڈر مال اللہ العبیدی نے بتایا ہے کہ قبائلی رضاکار فورس نے البغدادی کے ایک محلے پر داعش کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
شمالی عراق میں واقع صلاح الدین صوبے میں بھی دہشت گرد گروہ داعش نے سامرا کے شمال مغرب میں اپنے چار عناصر کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ صوبہ صلاح الدین میں عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے مکحول نامی وادی میں دہشت گرد گروہ داعش کے ایک کار بم حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
دریں اثنا عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس ملک میں سرگرم اکثر دہشت گردوں کے بعثیوں کے ساتھ تعلقات ہیں۔

عراق کی السفیر خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ آج عراق کی حکومت جن دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے ان میں سے اکثر سابق بعثی نظام سے وابستہ اور بعثیوں کے پٹھو ہیں۔

عراقی وزیر اعظم نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، کہ بعض تحقیقات سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ دہشت گردوں کے بعثیوں کے ساتھ تعلقات ہیں، کہا کہ اس ملک کی مسلح افواج عراق کے مختلف علاقوں میں تمام دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں اور انہوں نے عظیم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔
حیدر العبادی نے دہشت گرد گروہوں کے قبضے سے عراق کے بہت سے علاقوں کی آزادی کی جانب اشارہ کیا اور ان کامیابیوں کے لئے عراق کی مسلح افواج ، پولیس ، عوامی رضاکار فورس ، پیشمرگہ فورس اور قبائلی فورس کے کردار کو سراہا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button