سانحہ صفورا کا سہولت کار شیبا احمد 15 روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے
شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ صفورا کے سہولت کار شیبا احمد کو 15 روزہ ریمانڈ پر کاؤنٹر ٹررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ اسلحہ ڈیلر زاہد موتی والا کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیبا احمد کو 15 دن کے ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، جوکہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا تربیت یافتہ ہے، اور ملزم نے سانحہ صفورا میں سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں زاہد موتی والا پر اسمگل شدہ اسلحہ فروخت کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق سانحہ صفورا میں اسمگل شدہ اسلحہ استعمال ہوا تھا، جو ملزم زاہد موتی والا نے سانحہ صفورا کے دہشتگردوں کو فراہم کیا تھا۔ واضح رہے کہ سانحہ صفورا میں دہشتگردوں نے اسماعیلی برادری کی ایک بس پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔