پاکستان

سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام ہو گئے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام ہو گئے ہیں، حکومت آرمی چیف کے پیغام کو سمجھے اور گورننس کو بہتر بنائے، حکومتی نااہلی کی وجہ سے فوج کی قربانیاں ضائع ہو رہی ہیں، نجکاری کے فیصلے کیخلاف تحریک چلائیں گے اور واپڈا ملازمین کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے صرف ان حصوں پر عمل ہوا ہے جس کا تعلق عسکری اداروں سے ہے، کرپشن کیسوں پر پیش رفت نہ ہونا المیہ ہے، مودی کی پالیسیوں سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا، سپیکر کے انتخاب نے پی پی پی اور ن لیگ کی نورا کشتی ثابت کر دی ہے اور واضح ہو گیا ہے کہ حکومت کیخلاف تحریک انصاف ہی حقیقی اپوزیشن ہے، اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو حکومتی من مانیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے، قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنانیوالے حکمران قومی مجرم ہیں، حکومتی نااہلی کی وجہ سے نیکٹا فعال نہیں ہو سکا، حکومت نے زلزلہ متاثرین کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کی مالی خود مختاری یقینی بنائے، بھارت کی مذموم کارروائیوں کو سفارتی سطح پر بے نقاب کیا جائے، پاکستان کی نظریاتی اساس کیخلاف سازشیں تیز ہو چکی ہیں، الیکشن کمیشن کی کارکردگی مایوس کن ہے، اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی ضروری ہے، حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button