مقبوضہ فلسطین

فلسطینی شہری نے جوابی کارروائی میں صیہونی فوجی پر گاڑی چڑھا دی

موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں ایک فلسطینی ڈرائیور نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع علاقے، الخلیل میں دو صیہونی فوجیوں پر اپنی گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک صیہونی فوجی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔

ہلاک ہونے والا صیہونی جارح، فوجی افسر بتایا جاتا ہے۔ صیہونی حکومت کے ٹیلیویژن نے بھی اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی ڈرائیور کی اس کارروائی میں ایک صیہونی فوجی افسر ہلاک جبکہ دوسرا بری طرح سے زخمی ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعد میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں یہ فلسطینی ڈرائیور، شہید ہو گیا۔

فلسطین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ الخلیل میں نہتے فلسطینیوں خاص طور سے عورتوں اور بچوں پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں اس فلسطینی ڈرائیور نے دو صیہونی فوجیوں کو اپنی گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ایک صیہونی فوجی افسر ہلاک اور ایک شدید طور پر زخمی ہو گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران فلسطین کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت میں پچہتّر سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں پچّیس فلسطینی، صرف الخلیل کے علاقے میں شہید ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات، فلسطینیوں کی انتفاضۂ قدس شروع ہونے کا باعث بنے ہیں جس کے نتیجے میں اس غاصب حکومت کو فلسطینیوں کے سخت ردعمل اور جوابی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button