پاکستان اور ایران مل کر کام کریں گے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ
وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہاہے کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان اورایران مل کر کام کریں گے۔ ناصر جنجوعہ سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شامخانی نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی کی صورتحال سمیت سکیورٹی سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ناصرجنجوعہ کا کہنا تھا کہ آج اپنے دفتر میں پہلے دن اسلامی ملک کے وفد کو خوش آمدید کہنا خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان اور ایران مل کر کام کریں گے ۔دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل علی شامخانی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو قومی سلامتی مشیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مشترکہ سلامتی مقاصد کے حصول کیلئے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ قومی سلامتی مشیر نے ایڈمرل شامخانی کو مشترکہ جامع لائحہ عمل (جی سی پی او اے) کامیابی سے طے پانے پر مبارکباد دی جس سے ایران کیخلاف پابندیوں کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس لائحہ عمل پر عملدرآمد سے پاک ایران تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔