پاکستان

معاشرے میں فحاشی عام ہوچکی، جسکے باعث ہم سب قدرتی آفات کی زد میں ہیں، آغا راحت حسینی

امام جمعہ والجماعت جامع امامیہ مسجد گلگت آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا ہے کہ زلزلے اور قدرتی آفات ہماری بد اعمالیوں کا نتیجہ ہیں، لہٰذا ہمیں اپنے اعمال اور کردار کو درست کرتے ہوئے اللہ اور بنی اکرم (ص) کے بتائے ہوئے اصولوں اور تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نپورہ میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی یاد منانا، ان کی عظیم قربانی کے حوالے سے عزاداری برپا کرنا، بقائے دین و اسلام ہے، امام حسین علیہ السلام نے خود اپنی، اپنے اصحاب و انصار کی قربانی دیکر دین اسلام کو بچایا اور رہتی دنیا تک یہ پیغام دیا کہ کسی بھی دور میں اگر یزیدی صفت افراد دین اور اسلام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں تو لوگ امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے یزیدیت کے مشن کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں فحاشی اور بدکاری عام ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں ہم سب قدرتی آفات کی زد میں ہیں، لہذٰا ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے کردار کو درست کرتے ہوئے اللہ اور نبی صلی اللہ علیہ وآلہ کی تعلیمات اور احکامات کے مطابق عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیاں گزاریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button