مشرق وسطی

شام: دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران اور روس کا کردار قابل قدر

شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے جمعرات کو العالم ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں دہشت گردی کے مقابلے میں ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر شام کے دوستوں بالخصوص ایران کی مدد نہ ہوتی تو شام کی قیادت، فوج اور قوم کو دہشت گردوں کے مقابلے میں کامیابی نہ ملتی۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہمہ گیر حمایت نے دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کی مسلح افواج کی تقویت کی۔ انھوں نے کہا کہ امریکا اور سعودی حکومت، ترکی اور اس علاقے میں امریکا کے دیگر اتحادی، دہشت گردوں کی مدد کرکے شام کو تباہ و برباد کردینا چاہتے تھے۔

شام کے نائب وزیر خارجہ نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے فضائی حملوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ روس نے دہشت گردوں کے مراکز پر اپنے کامیاب فضائی حملوں سے امریکا کے ہدف کو بے نقاب اور ثابت کردیا کہ امریکا نے شام میں دہشت گردوں کےخلاف کچھ بھی نہیں کیا ہے بلکہ صرف شام کی بنیادی تنصیبات کو ہی نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کی حمایت کی وجہ سے شام پر امریکا، سعودی عرب، اردن، ترکی اور قطر نے دہشت گردی کا بحران مسلط کیا ہے۔

شام کے نائب وزیر خارجہ نے یمن پر سعودی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور یمن کے عوام کے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام کا قتل عام بھی شام کے عوام کے قتل عام کی طرح ہے کیونکہ سعودی حکومت یمن میں عوام پر فضائی حملے کرکے ان کا قتل عام کررہی ہے، اسی طرح سعودی حکومت نے شام میں دہشت گردوں کے ذریعے بے گناہ عوام کا قتل کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button