مشرق وسطی

شامی فوج کا دہشت گردوں کے ایک قافلے پر حملہ، دسیوں دہشت گرد ہلاک

شام کی سرکاری خـبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے صوبہ حمص کے ایک گاؤں السمالیل کے نزدیک دہشت گردوں کے ایک قافلے پراچانک حملہ کیا جس میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ لندن میں قائم شام کی ہیومن رائٹس واچ نامی تنظیم نے بھی اپنی رپورٹ میں صوبہ درعا کے مغربی مضافاتی علاقے میں ایک ہولناک دھماکے کی خبر دی ہے۔

ادھر ادلب کے جنوب میں واقع گاؤں مردیخ پر روس کے ہوائی حملوں میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ حکومت مخالف مسلح دہشت گردوں نے صوبہ حما کے علاقے سقیلبیہ پر مارٹر گولے سے حملہ کیا ہے جس میں ایک شامی شہری جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ شمالی لاذقیہ کے مضافات میں واقع جبل کردہا علاقے کے کفر دلبہ دیہات اور دیگر دیہاتوں کے اطراف میں بھی حکومت مخالف مسلح افراد اور شامی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب دہشت گرد گروہ داعش نے دیرالزور شہر پر میزائلی اور توپ خانے سے حملے کئے ہیں۔ ان حملوں میں متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر رقہ شہر کے اطراف میں داعش گروہ کے ٹھکانوں پر ہونے والے ہوائی حملوں میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button