پاکستان

کراچی میں 584 غیر رجسٹرڈ مدارس میں 73 ہزار ملکی و غیر ملکی طلبہ ہیں، رپورٹ

نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانے والے اسپیشل برانچ کے سروے میں ایسی معلومات سامنے آئی ہیں جو اس سے قبل نہ آسکی تھیں، مدارس کی جیو ٹیگنگ اور ان کی رجسٹریشن کا کام تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں 7ہزار 4 سو سے زائد مدارس ہیں، ساڑھے 6ہزار سے زائد مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی،کراچی اور اس کے اطراف میں 2500 سے زائد مدارس ہیں جن میں سے 584 سے زائد غیر رجسٹررڈ ہیں، اور ان میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد 73 ہزار سے زائد ہے، ایسے مدارس بھی ہیں جو کاغذات میں تو موجود ہیں لیکن عملی طور پر وجود نہیں رکھتے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی بار کراچی سمیت سندھ بھر میں مدارس سے متعلق اسپیشل برانچ کا ڈیٹا حاصل ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں مدارس کی تعداد 7400 سے زائد ہے۔ کراچی اور اس کے اطراف میں تقریبا 2500 کے قریب مدارس ہیں، شہر اور اطراف میں رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 1900 ہے جس میں رجسٹرڈ طلبا کی تعداد دو لاکھ کے قریب ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال قبل کیے گئے سروے میں تعداد 1400 تھی۔ رپورٹ کے مطابق غیررجسٹرڈ مدارس کی تعداد 584 سے زائد ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ان میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد 73 ہزار سے زائد ہے۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے بھی مدارس ہیں جن کا عملی طور پر کوئی وجود نہیں ہے، ان مدارس کا کیا کام ہے یہ معلوم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سندھ حکومت ان مدارس کے بارے میں معلومات حاصل کررہی ہے۔ دوسری جانب مدارس کی جیو ٹیگنگ کا کام بھی نہایت تیزی سے جاری ہے اور ذرائع بتاتے ہیں کہ سندھ بھر کے مدارس میں سے ساڑھے 6ہزار سے زائد مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی جبکہ ایک ماہ کے اندر باقی مدارس کی جیو ٹیگنگ بھی مکمل کر لی جائے گی، اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق جیو ٹیگنگ تاریخ میں پہلی بار کی گئی جس سے ڈیجیٹل اور فوری معلومات کا حصول نا صرف آسان ہو گیا ہے بلکہ جیو ٹیگنگ کے بعد ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھنابھی آسان ہوگیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button