مقبوضہ فلسطین

فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی جیلروں کے درمیان جھڑپ

صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل دو نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں نے محمد علان کو دوبارہ گرفتار کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نفحہ جیل میں اپنے لاک اپ کو آگ لگا دی اس دوران صیہونی جیلروں کے ساتھ ان کی جھڑپ بھی ہوئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق کسی بھی فلسطینی قیدی کو آگ سے نقصان نہیں پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے بدھ کے دن اشکلون میں واقع برزلائی ہسپتال سے محمد علان کے ڈ‎سچارج ہونے کے بعد ان کو دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔ محمد علان نے گرفتار ہونے کے فورا بعد بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ وہ اس سے قبل بھوک ہڑتال کی وجہ سے پینسٹھ دن کوما میں رہے تھے۔
محمد علان نے کوما سے باہر آنے کے بعد کہا تھا کہ اگر ان کو دوبارہ گرفتار کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
محمد علان ایک فلسطینی وکیل اور تحریک جہاد اسلامی کے رہنما ہیں۔
دس ماہ قبل بھی صیہونی حکومت نے ان کو جیل میں قید کر دیا تھا۔ ان پر نہ تو مقدمہ چلایا گیا تھا اور نہ ہی کوئی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس وقت سات ہزار سے زیادہ فلسطینی صیہونی حکومت کی سترہ جیلوں میں قید ہیں اور ان میں سے بہت سے افراد پر کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی ان پر مقدمات چلائے جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button