پاکستان

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پرجوش عوامی جدوجہد کے ہمراہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اس کی سا لمیت اور بقا کے لئے ملک کے تمام طبقات کے ساتھ ساتھ حکمران طبقہ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔اتنے برس گزرنے کے باوجود یہی مشاہدہ سامنے آیا ہے کہ عوامی طبقات نے تو خاطر خواہ اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور غربت‘ افلاس‘ تنگدستی اور دیگر مسائل و مشکلات کو برداشت کرتے ہوئے وطن عزیز کی سا لمیت کے تحفظ کے لئے قربانیاں دی ہیں لیکن حکمران طبقے نے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کرنے میں تساہل سے کام لیا ہے۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جنا ح کی یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا یہ المیہ رہا ہے کہ یہاں طبقاتی تفاوت‘ عدم مساوات‘ عدل و انصاف کا فقدان چلا آرہا ہے جس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ حکمران طبقوں نے جو نظام رائج اور متعارف کرایا اس نظام میں عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے سے زیادہ ان کے اپنے مفادات کا حصول اور تحفظ جیسے مقاصد کارفرما رہے ہیں جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط‘ مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے لازم ہے کہ حکمران طبقات اچھے اور بروں کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے بگاڑ اور انتشار و انارکی کا خاتمہ ہوسکے۔ ظالم و مظلوم‘ قاتل و مقتول‘ دہشت گرد و امن پسندوں میں فرق کئے بغیر توازن کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا رہ کر کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button