عراق

عراق: داعش نے اپنے انیس عناصر کو موت کے گھاٹ اتار دیا

عراق کی الرائے العام ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عرا ق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے خبر دی ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے صوبۂ الانبار کے فلوجہ شہر میں اپنے انیس ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش کے جن عناصر کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے انہوں نے عراقی فوجیوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے راہ فرار اختیار کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق صوبۂ الانبار میں دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ علاقوں کی آزادی کے لئے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے اور دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے حوصلے پست ہو رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہیت القائم کے علاقوں اور ترکی کی جانب اس دہشت گرد گروہ کے عناصر اور سرغنوں کے فرار کا سلسلہ جاری ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش کو اپنے بہت سے عناصر اور سرغنوں کی ہلاکتوں کے بعد افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے جس کے پیش نظر اس نے عورتوں کو ہتھیار اٹھا کر عراقی فوجیوں کے ساتھ لڑنے مجبور کر دیا ہے۔ دوسری جانب عراق کے نائب صدر بہاء الاعرجی نے شمالی عراق میں واقع صوبۂ صلاح الدین کا دورہ کیا۔ بہاء الاعرجی نے اس موقع پر اس علاقے کے سیکورٹی حکام سے ملاقات کی اور دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ علاقوں کے باشندوں سے اپیل کی وہ ان علاقوں کو آزاد کرانے میں عراقی فوجیوں کے ساتھ تعاون کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button