مقبوضہ فلسطین

یہودی شرپسندوں کا قبلہ اول پردوبارہ دھاوا، فلسطینیوں سے جھڑپیں، کشیدگی برقرار

انتہا پسند یہودیوں نے آج سوموار کو علی الصباح ایک بارپھر مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکرمذہبی رسومات کی ادائی کی اشتعال انگیز کوشش کی جس کےردعمل میں فلسطینیوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق فلسطینی نمازیوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان قبلہ اول میں تازہ جھڑپیں ہوئیں ہیں اور کشیدگی بدستور برقرارہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اول پردھاوا بولا اور مراکشی دروازے کے راستے اندر داخل ہوکرتلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودیوں کی آمد کے بعد قبلہ اول میں ایک بارپھر کشیدگی پیدا ہوئی۔ فلسطینی شہریوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس دوران یہودیوں کی جانب سے بھی فلسطینیوں، مسلمانوں اور اسلام مخالف نعرے لگائے گئے۔ اسرائیلی فوج اورپولیس نے یہودی آباد کاروں کو ہرممکن تحفظ فراہم کررکھا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول میں آنے کے بعد مذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے بارےمیں حسب معمول بریفنگ دی گئی۔ یہودیوں کی مسجد اقصیٰ میں موجودگی کے دوران قابض فوجیوں نے تمام فلسطینیوں کو اندر آنے سے روک دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button