یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے لاہور میں ریلیاں، مظاہرے
شیعت نیوز۔ دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم انہدام جنت البقیع منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں دربار بی بی پاکدامنؒ سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریک کے صوبائی صدر مولانا آغا حسین مقدسی نے کی جب کہ رائے مزمل حسین، سید ذوالفقار حسین نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی لاہور پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا آغا حسین مقدسی نے کہا کہ سعودی حکمرانوں نے جنت البقیع کو مسمار کر کے توہین رسالتﷺ کی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو اور بالخصوص مسلم حکمرانوں کو سعودی عرب پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی دوبارہ تعمیر کرائیں۔ قبل ازیں انٹرننیشنل شیعہ فرنٹ پاکستان کی جانب سے بھی لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین میں خواتین اور مردوں نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی دوبارہ تعیمر کے لئے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے نواز حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی تعمیر کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔








