یمن: عالمی برادری کے موقف کے خلاف مظاہروں کی اپیل
یمن کی انقلابی کمیٹی نے اس ملک کے عوام سے یمن کے سلسلے میں عالمی برادری کے مواقف کی مذمت میں کئے جانے والے مظاہروں میں شرکت کی اپیل کی ہے-
عوامی تحریک انصار اللہ سے وابستہ یمن کی انقلابی کمیٹی نے جمعرات کو ایک بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ جمعے کو ہونے والے عوامی مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں اور سعودی عرب کی جارحیتوں نیز اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سیاسی موقف کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کریں- اس بیان کے مطابق یمن پر سعودی عرب کے حملوں کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت میں اجتماع اور مظاہرے کرنا بہت زیادہ ضروری ہے- یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے جولائی کے آغاز میں یمن کے دارالحکومت صنعا میں مظاہرے کرکے اس ملک میں رونما ہونے والے انسانی المیے کے خلاف اقوام متحدہ کے موقف پر شدید نکتہ چینی اور یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملے بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کرائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی تھی- واضح رہے کہ آل سعود، عالمی اداروں کی خاموشی سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے یمن پر فوجی حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ، اس ملک میں ہولناک جرائم انجام دے رہی ہے-