کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں خود ساختہ اسلامک اسٹیٹ عرف داعش کا ہاتھ ہے، رحمان ملک

14 جولائی, 2015 00:00

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں خود ساختہ اسلامک اسٹیٹ عرف داعش کا ہاتھ ہے۔ اتوار کو سینیٹر رحمان ملک کی دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد جاری کئے گئے بیان میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورہ میں ملوث ملزمان کا داعش سے تعلقات کا اعتراف اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ یہ تنظیم ملک میں موجود ہے اور کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انھوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو داعش کی جانب سے دھمکیوں اور ملک بالخصوص کراچی میں اس کی دہشتگرد کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اپنے بیان میں سابق وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملاقات میں جہاں دہشت گردی، کراچی کی صورتحال اور ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق معاملات زیرِغور آئے، وہیں آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں فوج کے کردار کو بھی سراہا اور مادرِ وطن کے لئے جان کی قربانیاں دینے والے سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سینیٹر رحمان ملک کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت رینجرز سمیت سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اس بات پر اصرار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ معصوم لوگ اس کا شکار نہ ہوں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے مثال کام کر رہی ہیں، انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجے میں شہر میں جلد امن قائم ہوجائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، اس کی قیادت اور سندھ حکومت ملک کو درپیش خطرات سے بخوبی آگاہ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

10:32 صبح جون 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔