بدنام زمانہ معاشی نظام نے دنیا کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

16 اکتوبر, 2026 19:11

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 16 اکتوبر عالمی یوم تحفظ خوراک اور 17 اکتوبر یوم انسداد غربت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدنام زمانہ معاشی نظام نے پوری دنیا کو جکڑ رکھا ہے اور اسی معاشی عدم انصاف کے باعث آج پوری انسانیت طبقاتی نظام کی نذر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیر دولت کے انبار کے ساتھ امیر ترین بن رہا ہے جبکہ غریب ناموافق حالات اور مساوی مواقع نہ ہونے کے باعث نان شبینہ سے بھی محروم ہے۔ کمیونزم اور سوشل ازم بظاہر خوشنما نعروں کے ساتھ آئے مگر انسانیت کو معاشی انصاف فراہم نہ کر سکے، بلکہ انسانیت پہلے سے بھی بدتر صورتحال سے دوچار ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ ساجد نقوی سے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کا بظاہر متفق علیہ ادارہ ہے جہاں مختلف موضوعات پر عوامی شعور و آگہی کے لیے ایام مختص کیے گئے ہیں، تاہم اس بظاہر طاقتور ادارے کو عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خود اقوام متحدہ کے سابقہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی 20 فیصد سے زائد آبادی نان شبینہ کو ترستی ہے، جس کی بنیادی وجہ مسلط معاشی نظام اور ظالمانہ طرز حکمرانی ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے توجہ دلائی کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو مساوی بنیادی حقوق، معاشی انصاف اور عادلانہ طرز حکمرانی کا علمبردار ہے، اور عدل علی علیہ السلام کا نظام اس کی بہترین مثال ہے جو عدل و انصاف کے حوالے سے رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔

8:20 شام اکتوبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔