پاکستان

گروپ چلانے کیلئے بحرین سے 5 لاکھ روپے ماہانہ آتے تھے، طاہر عرف سائیں کے اہم انکشاف

سانحہ صفورا کے مرکزی دہشتگرد طاہر عرف سائیں نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ سانحہ صفورا میں 20 سے زائد افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا، 1999ء میں القاعدہ میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ وہ اس سے قبل جہاد کشمیر میں بھی حصہ لے چکا ہے، گروپ چلانے کیلئے بحرین سے 5 لاکھ روپے ماہانہ آتے تھے، افغانستان میں اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری سے ملاقات بھی کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ صٖورا کے مرکزی دہشتگرد طاہر عرف سائیں نے دوران تفتیش کئی اہم راز اگل دیئے۔ طاہر سائیں نے بتایا کہ اس نے سانحہ صفورا میں 20 سے زائد افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا، جبکہ واردات کے دوران ملزم کے کپڑے خون سے تر ہوگئے تھے، جسے اس نے فرار ہونے کے بعد گاڑی میں تبدیل کئے تھے۔ گرفتار دہشتگرد طاہر عرف سائیں نے بتایا کہ اس نے 1999ء میں القاعدہ میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ وہ اس سے قبل کشمیر جہاد میں بھی حصہ لے چکا ہے، گرفتار دہشتگرد طاہر نے 2000ء افغانستان میں کلاشنکوف، دستی بم، راکٹ فائر اور دیگر اسلحہ چلانے سمیت زمینی لڑائی کی تربیت لے کر مہارت حاصل کی تھی۔ دہشتگرد طاہر عرف سائیں نے مزید انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے قندھار میں الفاروق ٹریننگ کیمپ میں اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری سے ملاقات بھی کی تھی۔

طاہر عرف سائیں نے بتایا کہ وہ حیدرآباد کا رہائشی تھا، اور تربیت حاصل کرنے کے بعد واپس اپنے گھر حیدر آباد آگیا تھا، اور پہلی بار ہندو تاجر گنیش کمار کو اغواء اور قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ہوا، تاہم ڈھائی سال بعد وہ رہا ہوگیا تھا۔ دہشت گرد طاہر عرف سائیں نے انکشاف کیا کہ گروپ چلانے کیلئے بحرین سے 5 لاکھ روپے ماہانہ آتے تھے، جس سے گروپ میں شامل دیگر دہشت گردوں کا خرچہ چلتا تھا۔ دہشتگرد نے 2013ء میں الیکشن کے دوران کراچی میں برنس روڈ پر ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس، لانڈھی میں الیکشن کیمپ، عائشہ منزل اور کامران چورنگی گلستان جوہر میں امام بارگاہوں، نیپا چورنگی پر پولیس موبائل اور قیوم آباد کے قریب رینجرز کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئیر باسط کے قافلے کو نشانہ بنانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ گرفتار دہشتگرد کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کمزور ہوگئی تھی، جس کے بعد ان کا گروپ داعش کی جانب راغب ہوگیا تھا۔ دہشتگرد طاہر عرف سائیں نے فرسٹ ایئر تک تعلیم حاصل کی، اور وہ 2 بچوں کا باپ ہے، اس کا ایک بھائی ڈاکٹر اور دو بہنوئی گجرات پولیس میں ملازم ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button