سانحہ صفورا، دہشتگردوں کی سہولت کار نجی جامعہ کی پروفیسر سعدیہ جلال گرفتار
سانحہ صفورا کے اہم کردار دہشتگرد جلال کی بیوی اور دہشتگردوں ک سہولت کار سعدیہ جلال کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے کراچی کے ضلع وسطی میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ صفورا کے اہم کردار دہشتگرد جلال کی بیوی اور دہشتگردوں سہولت کار سعدیہ جلال کو حراست میں لے لیا ہے۔ زیر حراست ملزمہ سعدیہ جلال پر سانحہ صفورا کے دہشتگردوں کی معاونت کا الزام ہے، ملزمہ سے نجی یوینورسٹی میں طلباء کی ذہن سازی کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ سعدیہ نجی یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر فرائض انجام دیتی تھی۔ سہولت کار سعدیہ سانحہ صفورا میں ملوث اہم دہشتگرد جلال کی تیسری بیوی ہے۔ پولیس کے مطابق سعدیہ جلال 2012ء میں سعودی عرب گئی تھی، سعدیہ کا بھائی اور بھانجا بھی سانحہ صفورا میں ملوث ہیں، ملزمہ کے بھانجے عبداللہ یوسف نے بس کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا، سعدیہ کا ایک بھائی عراق میں دہشتگرد گروہ داعش کا کارکن ہے۔ واضح رہے کہ سانحہ صفورا گوٹھ میں دہشت گردوں نے چلتی بس میں فائرنگ کرکے اسماعیلی برادری کے 47 افراد کو قتل، جبکہ 15 کو زخمی کر دیا تھا، جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے تمام افراد کے سروں میں گولیاں ماریں۔








