پاکستان

کراچی، ایس یو سی کیجانب سے ریگل چوک تا کراچی پریس کلب القدس ریلی کا انعقاد

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی اس یو سی کی جانب سے عالمی یوم القدس کے موقع پر القدس ریلی کراچی ریگل چوک تا کراچی پریس کلب نکالی گئی، جس میں علماء کرام، دینی مذہبی و سماجی شخصیات شیعہ علماء کونسل، جے ایس او، جعفریہ یوتھ کے تنظیمی کارکنان سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی سے ایس یو سی سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی، رہنما ایس یو سی کراچی علامہ کرم الدین واعظی، مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ علی کرار نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔ ایس یو سی کراچی کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی ریگل چوک سے نکل کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچ کر علامتی دھرنے کی صورت اختیار کر گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی، اسرائیلی ناجائز تسلط کی مذمت اور مردہ امریکا و اسرائیل کے بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ مظاہرین نے امریکا اور اسرئیل کے پرچم نذر آتش کئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button